دفاعی نمائش میں پاکستانی ساختہ ڈرون براق بھی متعارف

کراچی: دنیا کے ساتھ امن ، دوستی اور محبت کا رشتہ رکھنا چاہتے ہیں لیکن اگر ملکی خودمختاری پر کسی نے میلی آنکھ اٹھائی تو ہم پاکستانی اس کا جواب بھی دینا جانتے ہیں، دفاعی نمائش آئیڈیاز کے ذریعے یہ پیغام دنیا کو دیا جارہا ہے۔

ہر دوسال بعد یہ نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوتی ہے اورکل آئیڈیاز کی 10 ویں نمائش کا دوسرا دن تھا۔فضا کی نگرانی کیلئے جے ایف تھنڈر فائٹر طیارہ اور ڈرونز ٹیکنالوجی، زمین کیلئے الخالد اور ضرار جیسے ٹینک اور سمندروں کی رکھوالی کے بحری بیڑے، پاکستان دفاع کیلئے جو جنگی سامان تیار کرتا ہے یہ ان میں سے چند ہیں۔

کراچی میں جاری نمائش میں امریکی، یورپی، افریقی، ایشیائی نیز دنیا کے ہر براعظم سے آئے لوگوں نے ایک دوسرے کی دفاعی صلاحیت کو دیکھا پرکھا۔پاکستانی مصنوعات کی صلاحیت اور خصوصاً ان کی قیمت نے خریداروں کو خصوصی طور پر متوجہ کیا۔

ملک میں تجارتی پیمانے پر ڈرون طیاروں کی تیاری شروع ہوگئی ہے ، پاکستان نے اپنا تیارکردہ ملٹی رول ڈرون طیارہ ‘براق دفاعی نمائش آیڈیاز 2018 کے ذریعے بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرادیا۔یہ ڈرون طیارہ ملکی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز نے تیار کیا ہے۔

وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے ڈرون کی لانچنگ کا افتتاح کیا۔ پاکستان آرمی اور پاک فضائیہ ملٹی رول ڈرون استعمال کررہی ہے۔

ملٹی رول ڈرون براق دہشتگردی کے خلاف دشمن کی نشاندہی میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔براق 16 ہزار فٹ کی بلندی پر 10 گھنٹے تک پرواز کرسکتا ہے۔

بدقسمتی سے ملک میں صنعتی حادثات میں مرنے والوں کی شرح بہت زیادہ ہے، خصوصاً  انڈسٹری اور بجلی کے کارخانوں میں سالانہ درجنوں افراد بجلی کا جھٹکا لگنے سے جل کر ہلاک یا عمر بھر کیلئے معذور ہوجاتے ہیں۔

دفاعی نمائش آئیڈیاز  2018 میں ایک پاکستانی کمپنی نے ایسا لباس تیار کیا ہے جو بجلی کے جھکٹے اور جلنے دونوں سے محفوظ رکھے گا۔

نمائش کے دوسرے رو زپاکستان کی بدر ایکسپو اور ترکی کی کیپٹل ایگزی بیشن کے درمیان ترکی ایکسپو پاکستان اور پانچویں ہائی ٹیک پورٹ کے نومبر میں اسلام آباد میں انعقاد پر مفاہمتی یاداشت کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔