سکھر: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک اور لاڈلہ میدان میں اتارا گیا ہے جو کہ انوکھا لاڈلہ ہے جس نے کھیلنے کو چاند مانگا تو پورا اسے ملک دے دیا گیا۔
سکھر میں ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آمروں نے جعلی اقتدار کو طول دینا چاہا تو مذہب کو آلے کے طور پر استعمال کیا جس کا نتیجہ آج ہم سب بھگت رہے ہیں، آج ملک جل رہا ہے تو یہ آگ آمروں نے لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن پرستی کا مذہب ہے لیکن اس کو دہشت گردی کے نام سے بدنام کیا گیا اور اب وہ انتہا پسندی کی آگ ہمارے گھروں کی دہلیز تک پہنچ چکی ہے جس نے سارے سماج کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بچانا ہے، اس آگ کو اس وقت تک بھجانے میں کامیاب نہیں ہوں گے جب تک ملک کا وزیر اعظم اس جنگ کو اپنی جنگ تسلیم نہیں کرے گا، ملک کا وزیر اعظم یوم شہداء پر یہ کہے کہ یہ جنگ ہماری جنگ نہیں تو شہداء کے ورثا پر کیا گزری ہوگی؟
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا خان صاحب میں پوچھتا ہوں کہ بہادر افواج اور پولیس کی قربانیاں کس لیے تھی؟ خان صاحب آپ مانیں یا نا مانیں لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے۔