اسلام آباد:مسلم لیگ ن نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے 100 دن میں سو جھوٹ بولے گئے، حکومت بتائے کہ جعلی اکاونٹس میں پیسے کس کے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ منی یہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی باتیں کرتے ہیں جس کا کوئی ثبوت اور حقیقت نہیں، حکومت خود اپنی بدنامی کر رہی ہے کہ چوری ہو رہی ہے جسے ہم روک نہیں سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں تاریخ میں سب سے زیادہ کمی آج ہوئی، وزیراعظم کے خطاب کے بعد آج ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پاکستان پر 600 ارب روپے قرض بڑھ گیا، معیشت بہتر نہیں ہو گی تو روزگار کیسے بڑھے گا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ اب وزیراعظم کہتے ہیں کٹے پالیں، معیشت بہتر ہو جائے گی، وزیراعظم کہتے ہیں حکومت دیسی مرغی، انڈے اور جانوروں کے لیے ٹیکے فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی اور مالی پالیسی کو پوری دنیا نے سراہا تھا، ٹیکس نہ دینے والوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی، جب تک لوگ ٹیکس نہیں دیں گے، مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی پیش کردہ معاشی اصلاحات ہی کرپشن اور منی لانڈرنگ روکنے کا واحد طریقہ تھا، اس پالیسی کو فالو کر لیں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیب بھی بھرتیوں کے حوالے سے بیان پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ 100 دن میں وزیراعظم نیب میں ایک چپڑاسی بھی بھرتی نہ کر سکے۔