آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف احتجاج کرنے پر تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ہفتہ کی سہہ پہر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ خادم رضوی کے خلاف لاہور، افضل قادری کے خلاف گجرات اور عنایت حسین شاہ کے خلاف راوت میں دہشت گردی اور بغاوت کے مقدمات درج کیے گئے ہیں جن پر کارروائی ہوگی۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران جلائو گھیرائو کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات چلائے جائیں گے۔ جبکہ کئی ایسے افراد جو محض ’’تماشائی‘‘ کے طور پر مظاہروں میں پہنچ گئے تھے اور انہوں نے جلائو گھیرائو میں حصہ نہیں لیا تھا ان کے بارے میں حکم دیا گیا ہے کہ انہیں بھاری زر ضمانت پر رہا کیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہاکہ تحریک لبیک کے احتجاج کے دوران موٹروے پر گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔ کروڑوں کا نقصان ہوا۔گاڑیوں کو روکا گیا،آگ لگا دی گئی،پھل فروش کو لوٹا گیا۔ جس کے بعد تحریک لبیک کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔