لاہور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت منی لانڈرنگ کیخلاف زبردست کارروائی کا آغاز کرنے والی ہے۔ لاہور میں تاجروں کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، وفد میں لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیدار اور صنعتکار شریک تھے جنہوں نے درپیش مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے صنعت کاروں کو نئی صنعتی پالیسی کے اہم خدوخال سے آگاہ کیا اور موقع پر اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے حکومت بہتر اقدامات کر رہی ہے، صنعت کی بحالی ملکی معیشت میں بہتری لائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ 2013 میں جاری کھاتوں کا خسارہ ڈھائی ارب ڈالر تھا، جاری کھاتوں کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مشکل حالات سے نکلنے کیلئے چار بنیادی اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کا مثبت ردعمل ملا ہے۔ حکومت برآمدات میں اضافے کیلئے برآمد کنندگان کو ہرممکن سہولت دے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، ملائیشا میں بہت سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
منی لانڈرنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 10 ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈرنگ ہے، ہم اس پر قانون لانے لگے ہیں، منی لانڈرنگ کے خلاف ہم زبردست کریک ڈاون کرنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی 2ہزار ارب ڈالر کی منڈی ہے جس میں ہماری کوئی حصہ ہی نہیں۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ گئی ہے، سرمایہ کار پیسہ بنا رہے ہیں یا پیسہ لا رہے ہیں تو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔