منشا بم کیس : ایل ڈی اے، محکمہ ریونیو اور ضلعی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب

لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے قبضہ مافیا منشاء بم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)، محکمہ ریونیو اور ضلعی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے لاہور رجسٹری میں قبضہ مافیا منشا بم سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ایل ڈی اے، محکمہ ریونیو اور ضلعی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اربنائزیشن کی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔
چیف جسٹس نے ڈی سی لاہور سے استفسار کیا کہ شہری علاقوں میں محکمہ مال کا کیا کردار ہے، ممبر ریونیو بتائیں کہ یہ کھاتہ، کھتونی کیا ہوتا ہے، پٹوار سرکل کس قانون کے مطابق کام کررہا ہے؟۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ ہم نے منشاء بم کی اراضی سے متعلق ریکارڈ چیک کیا ہے، 1992 میں منشاء بم نے 32 کنال اراضی خریدی جو بعد میں فروخت کر دی، منشاء بم کے خلاف درخواست گزار کو قبضہ ایل ڈی اے نے دینا ہے۔