راولپنڈی:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر مہنگا ہوگیا ہے اس لیے ریلوے کرائیوں میں اضافہ کریں گے۔
راولپنڈی میں میڈیا سےگفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی چلا رہے ہیں جب کہ معزور افراد کی سہولت کے لیے کام شروع کردیا اور ٹریکنگ سسٹم کا آغاز بھی کررہے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سیاحوں کے لیے تین نئی سفاری ٹرینیں چلائیں گے اور 23 دسمبر کو کراچی سے پشاور تک رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سرکلر ریلوے کا جائزہ لینے کراچی جارہے ہیں اور اس معاملے پر چیف جسٹس پاکستان سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ لوگوں کے گھر گرائے جائیں۔
وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل نہیں کر رہے، انہیں آپشن دے رہے ہیں کہ ملازمتوں کے لیے دیے جانے والے اشتہار کے بعد نوکری کے لیے اپلائی کریں۔