وزیر اعظم نے عثمان ڈار کو معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز مقرر کر دیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عثمان ڈار کو معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز مقرر کر دیا۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اگر نوجوان ساتھ نہ دیتے تو آج ہم حکومت میں نہ ہوتے۔
وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویڑن نے عثمان ڈار کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔وزیر اعظم سے عثمان ڈار نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کےلئے قومی پالیسی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پالیسی کی تیاری کا ٹاسک عثمان ڈار کو سونپ دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ عثمان ڈار نوجوانوں سے متعلق پالیسی کے لئے بہترین انتخاب ہیں جب کہ نوجوانوں کا حکومت سازی میں کردار نہیں بھول سکتا ہوں۔ نوجوانوں کو ایسی سہولیات دیں گے جو آج سے پہلے کسی نے نہیں دی ہوں گی۔
وزیراعظم نے آئندہ چند روز میں نیا پاکستان یوتھ پروگرام بھی لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور عثمان ڈار کو نیا پاکستان یوتھ پروگرام اور یوتھ پلس پورٹل کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔عثمان ڈار نے بطور معان خصوصی تنخواہ وصول نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قومی خزانے پر بوجھ نہیں بنیں گے اور وزیراعظم کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو با اختیار بنائیں گے جبکہ پیسہ لیپ ٹاپ پر نہیں بلکہ نوجوانوں پر خرچ کریں گے۔