اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ایک بار پھر پاکستان سے افغانستان میں امن کے لیے تعاون کی درخواست کی ہے۔
زلمے خلیل زاد غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے 612 کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد پہنچے۔امریکا سے آئے 4 رکنی وفد نے زلمے خلیل زاد کی قیادت میں پاکستانی حکام کے ساتھ دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی جب کہ اجلاس میں دونوں جانب سے سفارتی، سیکیورٹی اور دفاعی حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ کی جانب سے افغانستان میں امن مذاکرات کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی۔