ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان سرحدوں کے پار بالخصوص افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں مقیم غیر ملکی میڈیا کے صحافیوں نے میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیر ملکی میڈیا کے صحافیوں کو پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز پر بریفنگ دی۔ملاقات میں پاک افغان سرحد سے متعلق امور اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں کو بتایا کہ کامیاب کلیئرنس آپریشنز سے ملک کی سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے، ہم اب استحکام کی جانب گامزن ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک میں امن بحال کرنے کے بعد پاکستان سرحدوں کے پار بالخصوص افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔