اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پر تحفظات سے آگاہ کیا جس کے بعد وزیراعظم نے نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ میں فوری طور پرنظرثانی درخواست دائر کریں۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کراچی شہر سے تجاوزات کو ختم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر تیز سے عمل درآمد جاری ہے۔ تاہم اس آپریشن کے حوالے سے متعدد شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ متعدد متاثرہ افراد نے دعوے کیے ہیں کہ انہوں نے قانونی طور پر جگہ حاصل کی تھی جنہیں اب مسمار کیا جارہا ہے۔
تاجروں اور رہائیشیوں کے احتجاج کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔