اسلام آباد :احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کےخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت نیب پراسیکیوٹر کی عدم پیشی کے باعث سماعت12دسمبر تک ملتوی کردی گئی، تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست پر جواب جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت ہوئی اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق استعفیٰ دینے کے باعث پیش نہیں ہوئے ان کی جگہ ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کچھ وقت دینے کی استدعا کی جس پر احتساب عدالت نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کی استدعا منظور کرلی۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے خلاف اہلیہ کی درخواست پر تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست پر جواب جمع کرادیا، بعد ازاں احتساب عدالت میں ریفرنس پر سماعت12دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔