اسلام آباد:معروف دانشور اور مصنف عطاء الحق قاسمی نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب جھوٹی ہیں، میرے خلاف کچھ نہ ملا تو پروگرام کے بجٹ کا کیس بنا دیا۔عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ مریم اورنگزیب جھوٹی ہیں اور کسی سے بھی مخلص نہیں ہیں، انہوں نے میرے خلاف جھوٹا کیس بنایا، میرے خلاف کچھ نہ ملا تو پروگرام کے بجٹ کا کیس بنا دیا۔عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ بطور چیئرمین میرے پاس کوئی انتظامی اختیارات نہیں تھے، مرنے کے بعد بھی میری کتابیں گواہی دیں گی کہ میں کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کچھ اور پردہ نشیں بھی ہیں جنہوں نے مجھ پر گند اچھالا، استعفے سے پہلے نواز شریف کو لکھا کہ ٹولے نے رکاوٹ ڈالی، استعفے میں بتایا تھا کہ ان لوگوں کی وجہ سے مستعفی ہو رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نواز شریف کو پھنسانا چاہتے تھے، پرویز رشید عظیم ہیں، سارا ملبہ خود پر لے لیا اور نواز شریف کو بچا لیا۔عطاءالحق قاسمی نے کہا کہ میرے خلاف فیصلے پر اپیل مسترد ہوئی تو جیل جاؤں گا، 78 سال کے بوڑھے کو جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں۔اس حوالے سے سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عطا الحق قاسمی صاحب میرے بزرگ ہیں، ہمیشہ کی طرح ان کا بے حد احترام کرتی ہوں، پاکستان میں علم اوب اور ثقافت کے فروغ میں عطاالحق قاسمی کی بہت خدمات ہیں، عطاء الحق قاسمی صاحب نے جو کہا ہے وہ ٹھیک ہی کہا ہو گا-
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے عطاء الحق قاسمی کی بطور چیئرمین پی ٹی وی تقرری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تعیناتی میں ملوث افراد سے 19کروڑ 78 لاکھ روپے لیے جائیں۔