کراچی:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کا ٹرمپ قرار دے دیا اور کہا کہ وہ الٹی سیدھی باتیں کرتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو اپوزیشن کو گالیاں دیتی ہے، پی ٹی آئی نے ماضی سے کچھ سیکھا ہوتا تو اس کے پاس ہر مسئلے سے متعلق پالیسی ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کی کارکردگی صفر ہے، چوتھا مہینہ ہوگیا، قومی اسمبلی میں کمیٹیاں نہیں بنیں، پی ٹی آئی حکومت کا کارنامہ ہے کہ اس نے لیپ ٹاپ اسکیم ختم کردی۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مڈٹرم الیکشن ہوجائیں گے،یہ پاکستان کے ٹرمپ ہیں الٹی سیدھی باتیں کرتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری حکومت کو بھی چیلنجز درپیش تھے،لیکن ہم نے رونا دھونا نہیں کیا، آج بچہ بچہ کہہ رہا ہے کہ الیکشن غیر شفاف تھے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں مشکل حالات ہیں،ہم نے تحمل سے مثبت اپوزیشن کی ہے،ہم نے کسی پر کیچڑ نہیں اچھالی۔