سپریم کورٹ کے احکامات کے آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے، فاروق ستار

کراچی: ایم کیو ایم کے سابق رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کے آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔
ایک مقدمے کی سماعت کے لیے کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سابق رہنما فاروق ستار نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کے آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے، وسیم اختر آپ کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا برباد کرنے کا نہیں، اب آؤ ووٹ لیکر دکھاؤ کراچی سے، اب عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے، کے ایم سی کی بلڈنگ کے سامنے ان تاجروں کے حق میں مظاہرہ کیا جائے گا جن کی دکانیں تجاوزات کے آڑ میں توڑی گئیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ عوام سے کاروبار چھینا جارہا ہے، 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، لوگوں کو بیروزگار کرکے جرائم کو بڑھایا جارہا ہے، چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین سے ملیں اور دیکھیں کہ ان کے حکم کے آڑ میں کیا کیا جارہا ہے، بغیر متبادل دیے رہائشی علاقوں سے اسکول خالی کرائے جارہے ہیں، کے ایم سی کے دستاویزات کے مطابق کرایہ داروں کو متبادل دینا چاہیے۔