(ن) لیگ کے دور میں تعینات سفیروں کیلئے حکومتی ڈیڈ لائن ختم

وزارت خارجہ نے بیرون ملک سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں کو 7 دسمبر تک عہدے چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی تھی جو ختم ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی ڈیڈ لائن پر کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم خان اور سعودی عرب میں سفیر خان حشام بن صدیق نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔
اس کے علاوہ و مراکش، کیوبا اور سربیا کے سفیروں نے بھی چارج چھوڑ کر اپنے نائب سفیروں کو چارج سونپا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں مسلم لیگ (ن) حکومت کی جانب سے تعینات کئے گئے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے چارج چھوڑنے کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگا تھا، انہوں نے درخواست کی تھی کہ بچوں کا تعلیمی سیشن چند روز میں ختم ہوجائے گا اس لئے انہیں چارج چھوڑنے کے لیے 2 ہفتوں کا وقت دیا جائے، وزارت خارجہ نے علی جہانگیر صدیقی کی درخواست منظور کرلی ہے۔