میگا منی لانڈرنگ کیس: زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں توسیع

کراچی: سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کیس میں ایک مرتبہ پھر بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔
سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور دیگر کی عبوری ضمانت کا آج آخری روز تھا۔
کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو کیس میں پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جب کہعدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف بوگس اکاؤنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
کیس میں آصف زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے صاحبزادے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید عبوری ضمانت پر ہیں جب کہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔
مذکورہ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سے بھی تفتیش کی جارہی ہے، انور مجید سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے ہیں۔