اسمبلی میں تحریک انصاف اور ن لیگی اراکین میں تلخ کلامی

اسلام آباد:قومی اسمبلی اجلاس کے دوران تحریک انصاف اور ن لیگی اراکین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر اسپیکر اسد قیصر نے تمام اراکین کو آخری وارننگ دیدی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت چار بجے شروع ہونا تھا جو ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کا اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تلخی کلامی بھی دیکھنے میں آئی۔
قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی میں آئے تو تحریک انصاف کے راجہ ریاض نے ان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں شیر آیا شیر آیا، حقیقت یہ ہے یہ زخمی شیر ہے۔
راجہ ریاض کے جملے پر ن لیگی اراکین نے برہمی کا اظہار کیا اور ایوان میں نعرے بازی بھی کی۔مسلم لیگ ن کے رانا تنویر حسین نے راجہ ریاض کو مخاطب کرتے ہوئے کہا دیکھو یہ چمچہ بات کس کے خلاف کر رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دونوں اراکین اسمبلی کے الفاظ کارروائی سے خذف کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین کو آخری وارننگ دیتا ہوں، ماحول خراب نہ کریں۔