لاہور:قومی احتساب بیورو (نیب) میں دفتری اوقات کے دوران افسران پر موبائل فون استعمال نا کرنے کی پابندی کے ساتھ دیگر پابندیاں بھی عائد کر دی گئیں۔نیب ترجمان کے مطابق چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب ملازمین کے لیے کارکردگی بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔احکامات کے مطابق دفتری اوقات میں افسران کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔چیئرمین کے احکامات کے مطابق نیب کے گریڈ 18 کے افسران کے لیے وردی پہننا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق افسروں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک نظام پر عمل درآمد شروع کروایا جا چکا ہے۔اسی طرح دفتری اوقات میں ذاتی مہمانوں کی آمد اور ملاقات پر بھی پابندی ہو گی اور نیب افسران سے صرف سرکاری کام کے سلسلے میں ملاقات ہو سکے گی۔چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب افسران کی اعلیٰ سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔