راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے نائب وزیرخارجہ کونگ زو آن یو نے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی جب کہ چینی نائب وزیرخارجہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
قبل ازیں چین کے نائب وزیر خارجہ کونگ زو آن یو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں علاقائی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خطے کو درپیش مسائل کے حل اور تعلقات بڑھانے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا گیا جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سی پیک خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تعمیر پر زور دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان مذاکرات میں اپنی شرکت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام کیلئے چین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، بہترین اور دیرپا نتائج کیلئے سی پیک پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے میں تعاون کیلئے پرُعزم ہیں۔