کراچی:سابق صدر آصف زرداری نے مسلم لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں، مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر کوئی بھی حکومت مضبوط اور پائیدار نہیں ہوگی۔
سابق صدر آصف زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی خواہش رہی ہے کہ ہر حکومت اپنی معیاد پوری کرے اس سے پارلیمانی نظام مضبوط ہوگا مگر سلیکٹڈ وزیراعظم نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سیاسی مخالفین کو گرفتار کرکے احتساب کی آڑ میں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ لاڈلے کو قوم پر مسلط کیا گیا ہے وہ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں، انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اور سیاسی پارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک خطرناک معاشی بحران کا شکار ہو رہا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام پریشان ہیں تو دوسری طرف حکومت عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے سیاسی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔