خواجہ برادران 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
سابق وزیر ریلوے سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو پیراگون سوسائٹی کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات 6 مارچ 2018 کو شروع ہوئی، تمام تر مطلوبہ دستاویزات بھی نیب کو دے دی گئیں، خواجہ برادران متعدد بار نیب کے سامنے پیش ہوئے اور کسی طلبی سے غیرحاضر نہیں رہے۔
سماعت کے موقع پر نیب نے عدالت سے تحقیقات کے لیے خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 22 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیدیا۔
گزشتہ روز ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر نیب نے خواجہ برادران کو گرفتار کیا تھا۔