کراچی میں سائبیرین ہواؤں کے بعدسردی کی شدت میں اضافہ

کراچی: شہر قائد میں سائبیرین ہواؤں کے بعد موسم سرد ہوگیا اور آج درجہ حرارت میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں موسم آج شدید سرد اورخشک رہے گا اورآئندہ دوسے تین روز کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بعض مقامات پرشدید دھند کا امکان ہے۔ پنجاب کے کئی مقامات پردھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 4 کلومیٹر رہ گئی۔ اوچ شریف، بورے والا، شجاع آباد، سکندر آباد، جلال پور، وہاڑی، فیصل آباد بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
شہر قائد کا بھی درجہ حرارت مزید گرگیا، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کراچی میں شمال مشرقی علاقوں سے ہوائیں 14کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔