راولپنڈی: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے جمعیت علمائے اسلام (س) کے سابق سربراہ کے پرسنل سیکریٹری احمد شاہ کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق احمد شاہ کو حساس اداروں کے اہلکاروں نے گرفتارکرکے پولیس کے حوالے کیا، احمد شاہ، مولانا سمیع الحق قتل کیس میں پولیس کومطلوب تھا تاہم وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے روپوش تھا۔
واضح رہے مولانا سمیع الحق کو 2 نومبر کو ان کی رہائش گاہ پر چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا جب کہ احمد شاہ ان کے انتہائی قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے اور وہ ان کے ساتھ بطور ڈرائیور اور گن مین کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں اور ان کے قتل کی اطلاع بھی احمد شاہ نے ہی پولیس کو دی تھی۔