ٹنڈوالہ یار: سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ قبل از وقت انتخابات کرا کے پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، وہی حکومت عوام کے کام کرے گی اور حقوق دلائے گی۔
ٹنڈو الہ یار میں پارٹی جلسے سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں ہر دفعہ مذاق ہوا ہے اور ہر دفعہ عجب کہانیاں لکھی گئیں، جب بھی کوئی سیاسی پودا لگتا ہے اسے کاٹ کر مصنوعی پودا کھڑا کردیتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ الیکشن شفاف ہوتے تو کپتان نہیں کوئی اور حکومت میں ہوتا، انہیں ووٹ ملا نہیں اس لیے حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں، دیکھتے ہیں کھیک کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کی سوچ میں صرف پسند ناپسند ہے، انہیں تکلیف صرف اٹھارویں ترمیم کی ہے یہ مجھ پر دباو ڈال رہے ہیں، میں مان بھی جاوں تو پارٹی، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا نہیں مانیں گے۔
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ڈالر کا پتہ ہی نہیں تھا، روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی کا حکمرانوں کو افسوس ہی نہیں، ڈالر اوپر جاتا ہے تو قرض بڑھ جاتے ہیں، سیاست دان جانتے ہیں عوام کے مسائل کیا ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ قبل از وقت الیکشن کا اشارہ مل رہا ہے جو انشااللہ جلد متوقع ہیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایوب خان نے اپنے دور میں بنیادی جمہوریت کا ڈرامہ کیا اور بھٹو ایوب خان سے لڑے، ہر مارشل لا کا پارٹی نے مقابلہ کیا، جب بھی عوام کاحق مجروح کیا گیا ہم نے آواز اٹھائی اب بھی آواز اٹھا رہے ہیں۔