گولیاں نہتے بہادرآزادی کے متوالوں کے عز م کو دبانہیں سکتیں، ترجمان پاک فوج

قابض بھارتی افواج کی معصوم کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی قابل مذمت ہے، بھارتی فوج کو پیشہ ورانہ اخلاقیات کا احترام کرنا چاہیے: میجر جنرل آصف غفور

               
December 17, 2018 · اہم خبریں, قومی

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندوق کی گولیاں آزادی کے غیر مسلح بہادر مجاہدین کو کبھی کچل نہیں سکتیں۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں پر بھارتی مقبوضہ فورسز کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کا غیر اخلاقی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزدی کی جدوجہد کرنیوالے نہتے کشمیریوں کو گولیوں سے دبایا نہیں جاسکتا اور بھارتی فوج پیشہ وارانہ سپاہیوں کی اخلاقیات کا خیال رکھے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جب کہ بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج پر قابض افواج نے نہتے مظاہرین پر فائر کھول دیا جس سے مزید 8 نوجوان شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔