اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دعا ہے کہ طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا عمل افغانستان میں امن کے لیے مددگار ثابت ہو۔ پاکستان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابوظہبی میں طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں معاونت کی، دعا کریں امن لوٹ آئے اور جری افغان عوام پر 3 دہائیوں سے جاری آزمائش ختم ہو جب کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان سے جو بن پڑا کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں افغان طالبان اور امریکی حکام کے درمیان افغانستان میں 17 سال سے جاری افغان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا آغاز ہوا ہے، قبل ازیں طالبان حکام اور امریکا کے خصوصی نمائندے برائے امن زلمے خلیل زاد کے درمیان قطر میں مذاکرات کے دو ادوار بھی ہوچکے ہیں۔