تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امریکہ میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں جو انہوں نے انتخابی گوشوارے جمع کراتے وقت ظاہر نہیں کیا تھا۔ فلیٹ چھپانے پر تحریک انصاف کی حکومت نے آصف زرداری کے خلاف نااہلی کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف رزداری اثاثے چھپانے پر قومی اسمبلی کے ممبر بننے کے اہل نہیں رہے۔ آصف زرداری کا امریکہ میں اپارٹمنٹ ہے جو انہوں نے ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ آرٹیکل 62اور 63 کے تحت آصف زرداری پر ذمےداری تھی کہ وہ اثاثے ڈیکلیر کریں ، خرم شیر زمان کو ذمے داری دی ہے کہ وہ آصف زرداری کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کریں۔
حکومت نے سابق صدر کے خلاف نااہلی ریفرنس کا اعلان ایسے وقت پر کیا ہے جب حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے متحد ہونے کے امکانات پر بات ہورہی ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر گفتگو میں فواد چوہدری نے کہاکہ یہ لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں، یہ آپس میں مل بھی جائیں تو صفر جمع صفر ہی ہے، کرپشن کی تحقیقات آزادانہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں،پاکستان میں شفافیت نظر آ رہی ہے ۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ فیصل واوڈا کا برطانیہ میں اپارٹمنٹ ڈیکلیرڈ ہے۔ ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کیس اپنے آخری مرحلے میں ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے،ہم غریب کی بات کر رہے ہیں، ہماری حکومت رحم پر مبنی پالیسیاں بنا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل ہم نے بھارتی جاسوس حامد انصاری کو رہا کیا، یہ رحم کی ایک مثال ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں زیادتیوں کو روکے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ حامد انصاری کی کہانی پر فلمیں بن سکتی ہیں۔