اسپیکر قومی اسمبلی نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے

اسلام آباد :ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیراگون سوسائٹی سکینڈل میں نیب کی حراست میں موجود خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئیے ہیں جس کے مطابق وہ آج اور کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو سکیں گے۔
گزشتہ ہفتے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کو 21 دسمبر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا کل آخری دن ہے اور اس لئے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز بھی آج اور کل کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ خواجہ آصف آج شائد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے البتہ کل وہ آئیں گے اور اجلاس میں شریک ہو کر اظہار خیال کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ نیب نے خواجہ آصف کو پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل میں حراست میں لے رکھا ہے جس پر اپوزیشن رہنماؤں نے قومی اسمبلی کے سپیکر سے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی مرتبہ اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا اور پھر ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے تک احتجاج کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی مسلم لیگ (ن) کے اس فیصلے کی تائید کرتے ہوئے ان کی بھرپور حمایت کی تاہم آج اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہو گئے ہیں اور یقینا اب اپوزیشن بھی اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو گی۔