متحدہ عرب امارات کا پاکستان کو 3 ارب ڈالرز دینے کا اعلان

متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں تین ارب ڈالرجمع کرانے کا اعلان کردیا جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11 ارب ڈالرسے بڑھ جائیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ کے ایک بیان کے مطابق عرب امارات کی جانب سے یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
عرب امارات کے مطابق 3 ارب ڈالرز پاکستان کی مانیٹرنگ اور فسکل پالیسی میں مدد فراہم کریں گے جس کے مابین دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔
ابو ظہبی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ نے پاکستان کے 8 ترقیاتی منصوبوں کو مالی امداد فراہم کی ہے جس کی مجموعی قیمت1.5بلین درھم ہے جن میں توانائی، صحت، تعلیم اور سڑکوں جیسے منصوبے شامل ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے اعلان کے بعد وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یو اے ای نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، یہ اقدام ہمارے عزم اوردوستی کی عکاسی کرتا ہے جو سالوں سے ثابت قدم رہی۔