اسلام آباد ضلعی عدالت میں وکلا کے مسمار شدہ چیمبرز
اسلام آباد ضلعی عدالت میں وکلا کے مسمار شدہ چیمبرز

اسلام آباد میں چیمبرز گرانے پر وکلا کا احتجاج- جج صاحبان محصور

اسلام آباد میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے وکلا کے چیمبرز مسمار کیے جانے کے خلاف جمعہ کی صبح ضلعی عدالتوں میں احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی وکلا نے عدالتوں کو تالے لگا دیئے جس کے باعث ججز محصور ہوگئے۔ جو کئی گھنٹے تک اندر ہی رہے۔

سی ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ضلعی عدالتوں میں وکلا کے چیمبرز گرا دیئے۔ صبح وکلا عدالتوں میں پہنچنے تو اپنے چیمبرز کا ملبہ دیکھ کر غم و غصے سے بھر گئے۔ اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار نے فورا ہی احتجاج کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد کا کہنا تھا کہ وکلاء کے چیمبرز گرانے پر احتجاج کیا جائے گا جس کے دوران عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ججز روٹیشن کیس پر بننے والی کمیٹی کی سفارشات بھی مسترد کرتے ہیں اور ان کے خلاف بھی احتجاج کریں گے۔

بار کے اعلان کے فورا بعد ہی احتجاج شروع ہوگیا اور وکلا نے عدالتوں کو تالے لگا دیئے جس کے نتیجے میں جج صاحبان محصور ہوگئے۔ نامہ نگاروں کے مطابق مرکزی دروازے کو تالہ لگادیا گیا اور جج صاحبان کچہری کی عمارت میں پھنس کر رہ گئے۔ عدالتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔

وکلا کے احتجاج کے باعث کچہری میں کام نہیں ہوسکا اور بعد ازاں ججز بھی گھروں کو چلے گئے۔ بار کے ذرائع کا کہناہے کہ ہفتہ کو بھی احتجاج کیا جائے گا۔