اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے احتساب عدالت سے استدعا کی تھی کہ نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کا فیصلہ 24 کے بجائے 26 دسمبر کو سنایا جائے جسے مسترد کردیا گیا ہے۔
نواز شریف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ نوازشریف 25 دسمبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں،اس لئے فیصلہ 24 کے بجائے 26 دسمبر کو سنایاجائے تاہم عدالت کے جج نے ریمارکس دیے ہیں کہ پوری کوشش ہوگی فیصلہ 24 دسمبر کو ہی سنا دیا جائے۔ جج ارشد ملک نے وکیل سے کہا کہ یہ میری ٹینشن ہے ،آپ کیوں پریشان ہورہے ہیں۔
احتساب عدالت نے بدھ کو نیب ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 24 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف پر آمد سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے اور انہوں نے کسی بھی ریفرنس میں اپنا دفاع پیش نہیں کیا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکم دیا تھا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل کرکے 24 دسمبر تک فیصلہ سنایا جائے۔