کالا پل پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کےد وران جاں بحق ہونے والا دکاندار پرویز اختر

کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن نے دکان دار کی جان لے لی

کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن نے ایک دکاندار کی جان لے لی۔ پرویز اختر کی موت کے بعد دیگر دکانداروں اور اہل علاقہ نے پتھرائو کرکے ریلوے پولیس اور انتظامیہ کو بھگا دیا۔

شہر کے دیگر علاقوں لانڈھی، کورنگی اور لیاقت آباد تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران دکانیں گرا دی گئیں۔

کراچی میں سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے ریلوے کی زمیں واگزار کرائی جا رہی ہے۔ جمعہ کو کالا پل سے متصل ریلوے لائن کے اطراف میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے ریلوے پولیس اور متعلقہ ادارے بھاری مشینری کے ہمراہ علاقے میں پہنچ گئے اور مشینری کی مدد سے تجاوزات کو مسمار کرنا شروع کردیا ،جس پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور سڑکوں پر نکل کر احتجاج شروع کردیا جس کے نتیجے میں کورنگی روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا۔

اس دوران علاقے میں چپلوں کی دکان چلانے والا نوجوان پرویز اختر اپنا روزگار ڈوبتا دیکھ کر گر گیا اور دم توڑ دیا۔ پرویز اختر کو جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ اس جوان موت نے اہل علاقہ کو مزید مشتعل کردیا جنہوں نے ٹائروں کو آگ لگانے کے ساتھ ریلوے اور انتظامیہ کی ٹیم پر پتھراﺅ بھی کردیا جس کے بعد ٹیم نے آپریشن روک دیا۔

ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم مظاہرین نے آپریشن روکے جانے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا جس کے باعث علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ بعد ازاں پولیس نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نشانات لگا دے وہ رضاکارانہ طور پرجگہ خالی کردیں گے تاہم توڑ پھوڑ نہ کی جائے۔

تین علاقوں میں تجاوزات مسمار

ادھر انسداد تجاوزات عملے نے لانڈھی کلو چوک پر کارروائی کرکے حدود سے باہر دکانیں اور چبوترے مسمار کردیئے۔

کراچی میں برنس روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کا منظر۔(فائل فوٹو)
کراچی میں برنس روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کا منظر۔(فائل فوٹو)

کورنگی انڈسٹریر ایریا، بلال چورنگی اور اس سے ملحقہ گلیوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرکے دکانوں کے سن شیڈ،چبوترے اور دیگر تجاوزات مسمار کردیں گئیں۔

انسداد تجاوزات عملے نے لیاقت آباد سرکلر ریلوے کی اراضی پر قائم فرنچیر مارکیٹ کے اطراف کارروائی کرکے‘جھونپڑیاں،اسٹیل کے بنوئے ہوئے چھترے اور دکانیں مسمار کردیں۔ مذکورہ کارروائی کے دوران چھونپٹریوں میں رہائش پذیر افراد نے احتجاج بھی کیا تاہم موقع پر موجود سیکورٹی اہلکاروں نے صورتحال پر قابو پالیا۔