پیپلز پارٹی کے اجلاس کی فائل فوٹو
پیپلز پارٹی کے اجلاس کی فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کا اجلاس- بینظیر کی برسی پر طاقت دکھانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بلاول ہائوس کراچی میں جمعہ کو اپنے اہم اجلاس کے دوران حکومت کے خلاف اپنی حکمت عملی پر غور کیا اور اہم فیصلے کیے۔ پارٹی نے 27 دسمبر کو بینظیر بھٹو کی برسی پر طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اسی روز بلاول بھٹو تحریک کا اعلان بھی کرسکتے ہیں جو ممکنہ طور پر پانچ جنوری سے چلائی جائے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری سمیت پی پی قیادت کو جعلی اکائونٹس چلانے کے مقدمے کا سامنا ہے جبکہ زرداری پر حکومت نے امریکہ میں ایک اپارٹمنٹ خفیہ رکھنے کا الزام بھی عائد کیا ہے جس پر ان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ ان معاملات پر غور کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کا اجلاس پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چئیرمین پپیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلاول ہائوس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں سید خورشید شاہ، قمرالزن کائرہ، سید قائم علی شاہ، ،وزیر اعلی سندہ سید مراد علی شاہ صدر پی پی پی آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر،صدر پیپلزپارٹی سندھ نثار کھوڑو اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران آصف زرداری نے کہاکہ حکومت نے نیویارک میں جس فلیٹ کو ان کی ملکیت قرار دیا ہے وہ فلیٹ وہ پہلے ہی فروخت کر چکے ہیں اور جعلی دستاویزات کے ذریعے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکائونٹس کا الزام بھی جوٹا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ چار ماہ میں سسٹم مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 27 دسمبر کو بینظر بھٹو کی برسی پر اہم اعلان کریں گے۔

اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہاکہ اس مرتبہ پہلے سے دگنی تعداد میں کارکن برسی میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 27 دسمبر کو طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہے اور اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری تحریک کا بھی اعلان کریں گے جو 5 جنوری سے چلائی جائےگی۔

آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ کی عبوری ضمانت میں بینکنگ کورٹ نے 7 جنوری تک توسیع کی ہے۔

اجلاس کے دوارن بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم پر پیپلز پارٹی کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی۔ آصف زرداری نے کہا گھبرائیں نہیں اگلی باری ہماری ہے۔

ن لیگ سے اتحاد کا امکان

اجلاس کے بعد بریفنگ میں نثار کھوڑو نے کہاکہ وزیر اعظم چیئرمین نیب کے بغیر کھانا نہیں کھاتے، نیب کے فیصلے پر شک کا گمان ہوتا ہے،ادارے حکومت سے ملے ہوئے ہیں،جے آئی ٹی کی رپورٹ پبلش ہوئے بغیر ہی معلوم ہوگیا ہے کہ کون کون مجرم ہے ،حکومتی وزرا کو جے آئی ٹی کی رپورٹ کیسے معلوم ہوئی ہے،جرم ثابت ہونے سے پہلے مجرم بنایا جارہا ہے۔نون لیگ بھی اپوزیشن میں اور ہم بھی ہیں،سیاست میں کبھی دروازے بند نہیں ہوتے سب سے ہاتھ ملایا جاسکتا ہے۔

نثارکھوڑو نے کہاکہ آمروں کی چھتری تلے بننے والی پارٹیاں بنتی اورٹوٹتی رہتی ہیں ،پیپلز پارٹی چٹان کی طرح مظبوط ہے، یپلز پارٹی کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا،پاکستان میں کچھ لوگوں کو جمہوریت راس نہیں آتی،وہ رات کی تاریکی میں جمہوریت پر ڈاکہ ڈالتے رہے ہیں، ملک میں جان بوجھ کر سویلین حکومتوں کو چلنے نہیں دیا گیا، نثار کھوڑو نے کہاکہ آصف علی زرداری نے ملک میں پارلیمنٹ کو مظبوط کیا،تحریک انصاف نے زرداری پر جھوٹا الزام عائد کیا، اگر زرداری کی امریکہ میں پراپرٹی ہے تو ریفرنس دائر کیا جائے، نثار کھوڑو نے کہاکہ وزرا کو کس نے بتایا کہ گرفتاریاں ہونے والی ہیں،ادارے حکومت سے ملے ہوئے ہیں،جے آئی ٹی کی رپورٹ پبلش ہوئے بغیر ہی حکومتی وزرا کو جے آئی ٹی کی رپورٹ کیسے معلوم ہوگئی ہے،جرم ثابت ہونے سے پہلے مجرم بنانے کی سازش ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اجلاس میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے پروگرام کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جس کی رپورٹ بلاول بھٹو زرداری کو پیش کردی ہے،عوام کی قوت پیپلز پارٹی کی قوت ہے،سندھ میں پیپلز پارٹی نے اپنا لوہا منوایا ہے،پیپلز پارٹی کی قیادت زبان دیتی اور اس پر کٹ مرتے ہیں۔