اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص ہاتھ میں قومی پرچم اٹھائے موبائل سگنل کے ٹاور پر جا چڑھا اور اس نے خود کو وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کردیا۔
پولیس کے مطابق موبائل ٹاور پر چڑھنے والے مذکورہ شخص نے پاکستان کا پرچم اٹھا رکھا ہے جس کا کہنا ہے کہ مجھے وزیراعظم بنائے جائے میں 6 ماہ میں ملک کے قرضے اتار دوں گا اور ملک کی معیشت بھی ٹھیک کر دوں گا۔
اس سے قبل نوجوان نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور ڈی پی او کے علاوہ کسی سے بات نہیں کرے گا اور بات کرانے تک نیچے بھی نہیں اترے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے موبائل ٹاور پر چڑھنے والے شخص کو موبائل فون فراہم کیا اور اسے وزیر اعظم عمران خان سے بات کرانے کی یقین دہانی کرائی ،لیکن پھر بھی وہ نیچے نہیں آیا۔
جس کے بعدریسکیو حکام کی جانب اس شخص کو لفٹر کے ذریعے اتارنے کا فیصلہ کیا گیا اور ریسکیو اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ مل کر اس شخص کو موبائل ٹاور سے نیچے اتارا جس کےبعد پولیس نے اسے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔