نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ کل سنایا جائےگا

اسلام آباد:احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ کل سنائیں گے ۔نوازشریف فیصلہ سننے کیلئے کل احتساب عدالت جائیں گے،جج ارشد ملک نے عدالتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر رکھی ہیں۔
العزیزیہ ریفرنس میں 22 اور فلیگ شپ ریفرنس میں 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔
احتساب عدالت نمبر ایک اور دو میں نواز شریف کیخلاف نیب ریفرنسز کی مجموعی طور پر 183 سماعتیں ہوئیں، سابق وزیراعظم مجموعی طور پر 130 بار احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے، وہ 70 بار جج محمد بشیر اور 60 بار جج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوئے۔
ایون فیلڈ میں سزا کے بعد نواز شریف کو 15 بار اڈیالہ جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا، احتساب عدالت نمبر ایک میں 70 میں سے65 پیشیوں پر مریم نواز میاں نواز شریف کے ساتھ تھیں۔
احتساب عدالت نے مختلف اوقات میں نوازشریف کو 49 سماعتوں پر حاضری سے استثنیٰ دیا، جج محمد بشیر نے 29 جبکہ جج ارشد ملک نے نواز شریف کو 20 سماعتوں پر حاضری سے استثنیٰ دیا۔
احتساب عدالت ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ پہلے ہی سنا چکی ہے جس میں نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا۔