رپورٹ خالد سلمان
کراچی میں مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 کارکن جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
اتوار کی شب ناظم آباد کی گلبہار عثمانیہ سوسائٹی میں پی ایس پی کے دفتر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک کارکن 40 سالہ ظہر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ فہد، نعیم اور ناصر زخمی ہوئے جن میں سے 30 سالہ نعیم بعد ازاں دم توڑ گیا۔
ہلاک شدگان اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں پی ایس پی کے کارکنوں نے توڑ پھوڑ شروع کردی اور پریس فوٹوگرافرز کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
بتایا گیا ہے کہ جس دفتر پر فائرنگ کی گئی وہ پی ایس پی کا ٹائون آفس تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار 6 افراد دو اطراف سے پہنچے اور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیے گئے۔
جولائی 2018 کے انتخابات میں شکست کے بعد پاک سرزمین نے چند ماہ اپنی سرگرمیاں تقریبا معطل کردی تھیں تاہم حال ہی میں پارٹی دوبارہ سرگرم ہوئی ہے۔ گذشتہ دنوں لانڈھی میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 94 کے ضمنی الیکشن کیلئے دفتر کا افتتاح بھی کیا گیا۔
فوری طور پر حملہ آوروں کی شناخت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔