دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عیسائی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے جس کے لئے کرسمس ٹریز سج گئے اور مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کے یوم ولادت کے سلسے میں کرسمس کا تہوار منارہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کرسمس کے موقع پر تقریبات منعقد کی گئیں جس میں ملکی ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
کرسمس کے تہوار پر گرجا گھروں کو برقی قمقموں،اورپھولوں کے ساتھ نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ مرد وخواتین اور بچوں نے مذہبی تہوار کے حوالے سے خریداری بھی کی۔
کرسمس کے موقع پرصدر پاکستان عارف علوی نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی ملک کی ترقی واستحکام کے لیے گرانقدرخدمات ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسیحی برادری کو کرسمس پرمبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مسیحی برادری حضرت عیسٰی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی میں ہرسال 25دسمبر کو کرسمس کا تہوار مناتی ہے جس میں عیسائی برادری کی جانب سے گرجا گھروں اور رہائشی عمارتوں کو برقی قمقموں اور پھولوں کے ساتھ نہایت خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے۔