لاہور:العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں بے نظیر ائیرپورٹ لائی، جہاں سے خصوصی طیارے کے زریعے انہیں لاہور پہنچایا گیا۔ جہاں سے نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہی، کارکنان نے جیل کے باہر نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
دوسری جانب سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں نواز شریف کے لیے بی کلاس کمرہ تیار کیا گیا ہے جہاں ایک ہی کمپاؤنڈ میں نواز شریف اور شہباز شریف الگ الگ کمروں میں ہوں گے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف کے کمرے میں ٹیلی ویژن، بستر، کمبل، ہیٹر، کرسی اور میز رکھوا دی گئی ہے اور انہیں ایک مشقتی اور گھر سے کھانا منگوانے کی سہولت میسر ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نیب ریفرنسز پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی جب کہ عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کو بری کیا۔
سابق وزیراعظم نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے کوٹ لکھپت بھیجنے کے احکامات جاری کیے جائیں جس پر جج ارشد ملک نے ان کی درخواست منظور کرلی تھی۔