لاڑکانہ : پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج شام نوڈیرو میں ہوگا جس میں جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران فاروق ایچ نائیک جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جےآئی ٹی کی رپورٹ کے متعلق سی ای سی کو آگاہ کریں گے جبکہ تاج حیدر عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر وائٹ پیپر پیش کریں گے۔
سی ای سی اجلاس کے دوران سپریم کورٹ میں زیر التوا ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس اور بینظیر بھٹو کیس کی پیش رفت پر بھی بریف کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے جے آئی ٹی نےجعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ اور آصف علی زرداری کو ذمہ داری قراد دیا تھا، سپریم کورٹ نے اومنی گروپ اور زرداری گروپ کی جائیدار کی خرید وفروخت اور ٹرانسفر پر پابندی عائد کی تھی۔
عدالت نے آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جے آئی ٹی رپورٹ کا جواب داخل کرانے کی ہدایت بھی کی تھی۔
جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کی تفتیش مکمل ہوچکی ہے جبکہ مزید جعلی اکاؤنٹس بھی ہیں جن کی تحقیقات ہونا باقی ہیں۔
عدالت نے جے آئی ٹی کو مزید تحقیقات کے لیے دو ماہ مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ یہ قوم کا پیسہ ہے،کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ اس کیس کی اگلی سماعت اب 31 دسمبر کو ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے آج ہونے والے سی ای سی اجلاس میں اسی صورتحال پر مشاورت اور پارٹی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔