وزیر خارجہ شاہ محمود کی ماسکو میں روسی ہم منصب سے ملاقات

ماسکو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 4 ملکی دورے کے چوتھے مرحلے میں ماسکوپہنچے جہاں ایئرپورٹ پراعلیٰ سطح کے وفد نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ ان کے ساتھ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام ہمراہ تھے۔
ماسکو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روس کے وزیرخارجہ سرگئی لیوروف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں امن واستحکام کی جاری کوششوں پربھی خصوصی بات چیت کی۔
گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے بیجنگ میں ملاقات کی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امورپر بات چیت ہوئی۔
وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے چارملکی دورے کا بنیادی مقصد خطے کے اہم ممالک کے ساتھ باہمی روابط کو بڑھانا ہے۔
وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد پہلے کابل پہنچا جس کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد افغان ہم منصب سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ افغانستان صدارتی محل پہنچ گئے جہاں ان کی افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ ون آن ون ملاقات منعقد ہوئی۔
افغان صدر نے افغان امن عمل کے لیئے بھرپور کردار ادا کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے بعد وزیر خارجہ تہران پہنچ گئے جہاں ان کی ملاقات ایرانی ہم منصب جواد ظریفی سے ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران دونوں ممالک کے بہتر تعلقات اور پاکستان سے دوطرفہ تعاون میں فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔