نیب کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، چیئرمین نیب

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جارہا ہے لیکن کارکردگی سے اس کا مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے خیبرپختونخوا دفتر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نیب خیبرپختونخوا نے انہیں بیورو کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ اس سال الماریوں اور فائلوں سے نکال کر 440 ریفرنس دائر کئے، خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کے مقدمات کو میرٹ پر نمٹایا جائے گا، میگا کرپشن اور وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے، نیب کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جارہا ہے لیکن اپنی کارکردگی سے اس پراپیگنڈے کا مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خلاف نیب کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور دھمکیوں کے ذریعے نیب کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا، قانون کے دائرے میں ہر قدم اٹھارہے ہیں۔