گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے قافلوں کے لیے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ
گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے قافلوں کے لیے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ

بینظیر کی برسی پر پہلے سے زیادہ قافلے

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی آج منائی جا رہی ہے۔ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی سندھ حکومت نے اس موقع پر صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ تاہم رواں برس نوڈیرو میں ہونے والی برسی کی یہ تقریب مختلف ہوگی۔

اس مرتبہ ملک بھر بالخصوص سندھ کے تمام اضلاع میں پیپلز پارٹی کی مقامی  قیادت کو زیادہ سے زیادہ شرکا لے کر نوڈیرو پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع سے قافلے جمعرات کی صبح روانہ ہوئے۔ پنجاب سے قافلے ایک روز پہلے ہی روانہ ہو گئے تھے۔

نیب، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی تحقیقات کی زد میں آئی پیپلز پارٹی نے تین روز قبل بلاول ہائوس کراچی میں اجلاس کے بعد اعلان کیا تھا کہ رواں برس پہلے سے دگنی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

یہی وجہ ہے کہ مختلف شہروں سے  روانہ ہونے والے پی پی کے رہنما اپنے قافلوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کر رہے ہیں۔ آج شام گڑھی خدا بخش میں ایک بڑے اجتماع کی توقع کی جا رہی ہے جس سے بلاول بھٹو زرداری اہم  خطاب کریں گے۔

گڑھی خدا بخش میں خاصی تعداد میں استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔

ماضی میں پیپلز پارٹی کے کئی سرکردہ رہنما برسی کے روز فضائی راستے سے سکھر اور پھر لاڑکانہ پہنچتے تھے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ امسال زمینی راستوں سے آنے والوں کی تعداد زیادہ ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ جب بھی اس پر کڑا وقت آتا ہے کارکنوں کا جوش و خروش بڑھ جاتا ہے اور وہ سب متحد ہو کر نکل پڑتے ہیں۔ ایک بار پھر ایسا ہی ہو رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم یعنی کے آئی ٹی نے حال ہی میں ایک رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں جعلی اکائونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بھی ان الزامات کی زد میں آگئی ہے۔ جس کی بنا پر بعض لوگ دبی زبان میں صوبے میں گورنر راج کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے بدھ کو نوڈیرو میں اپنی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اس رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ نمائندہ امت کے مطابق  آج کے اجلاس میں بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے خطابات حکومت کے حوالے سے پی پی کے لہجے کو واضح کر دیں گے۔