اسلام آباد: حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے والے 172 افراد کے ناموں کی فہرست جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس سے وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخاردرانی کی جانب سے جے آئی ٹی میں شامل 172 افراد کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ فہرست میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ کے عبدالغنی انصاری اور عبدالغنی مجید، سندھ بینک کے چیئرمین بلال شیخ اور سمٹ بینک کے صدر حسین لوائی کے نام شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فہرست میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، حسین لوائی، امتیاز شیخ ،مکیش چاولہ، علی نواز مہر، سہیل انور سیال اور احسان الٰہی کے نام بھی شامل ہیں۔
فہرست میں یونس قدوائی، سہیل راجپوت، نمر مجید، نزلی مجید، ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کاکا، سید علی رضا، سیکرٹری انڈسٹریز ضمیر حیدر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی عابد حسین اور ڈنشا ایچ انکل سریا، داؤد خان ، حاجی مراد اکبر، ریاض لال جی ، احسان طارق اور احسان رضا درانی کے نام بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب جعلی بینک اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس 31 دسمبر کوسماعت کے لئے مقررکردیا گیا ہے، جس کے لیے چیف جسٹس ثاقب نثار اورجسٹس اعجاز الاحسن پرمشتمل بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جے آئی ٹی کے سربراہ اورممبران ، آصف زرداری، فریال تالپورودیگرملزمان سمیت اٹارنی جنرل کو نوٹسزجاری کردیئے گئے ہیں۔