لاہور: وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے کل براہ راست سپریم کورٹ پر حملہ کیا، قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے کے بعد وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا معاملہ اداروں کا ہے، ان کے خلاف کیسز نواز شریف کے دور میں بنائے گئے۔ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب نے کل براہ راست سپریم کورٹ پر حملہ کیا، انہوں نے لاڈلا کا لفظ استعمال کیا، لاڈلے نواز شریف ہیں۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بہت گرفتاریاں ہونے والی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہیں سمجھتا تھا کہ بلاول صاحب اومنی گروپ کے ترجمان بن جائیں گے۔ اگر انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا تو وہ کلیئر ہو جائیں گے۔ جو چوری کرے گا اسے عدالت کے ذریعے سزا بھی ملے گی، یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ چوری بھی کریں اور سزا بھی نہ ملے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل میں بانی ایم کیو ایم ملوث ہے، سندھ حکومت سو رہی ہے، ہر پاکستانی کی جان اہم ہے۔ علی رضا عابدی کے قاتلوں کو زمین کھود کر بھی نکال لیں گے۔