پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بنانے جارہی ہے، خرم شیر زمان کا دعویٰ

کراچی: پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے  کہ تحریک انصاف سندھ میں حکومت بنانے جارہی ہے عوام تیاری کرلے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ان کا نام جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بھی ہے۔ مراد علی شاہ نے بطور وزیر اعلیٰ سہولت کاری کی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں حکومت بنانے جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے 5 سال کا انتظار نہیں کریں گے، ہم حکومت بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اربوں روپے کی کرپشن کی۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد سندھ حکومت کے پاس جواز نہیں۔ سندھ حکومت خاموش رہی ان کا کام صرف کرپشن تھا، ثابت ہو چکا ہے ان کے دور میں یہ سب ہوا ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ایک سال پہلے تحریک التوا جمع کروائی تھی، تحریک انصاف سندھ میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ جے آئی ٹی میں جن کے نام آئے ان کے خلاف الیکشن کمیشن جائیں گے۔
دوسری جانب پی ٹٰی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مرادعلی شاہ کو استعفی دینا پڑے گا، مراد علی شاہ نے جتنا رحم کیا اومنی گروپ پر کیا، سندھ بینک سے اربوں روپے کا قرضہ لیا جو مراد علی شاہ کے پاس ہے، ساڑھے 7 ارب کی کسانوں کو دی جانے والی سبسڈی بھی اومنی گروپ میں آگئی،پچھلے 10 سال کا فارنزک آڈٹ ہونا چاہیئے اس سے زیادہ کرپشن نکلے گی، ان سب کے بینک اکاؤنٹ سیز ہونے چاہیئں اثاثے منجمد ہونے چاہیے۔