جمہوریت کے لبادے میں آمریت کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، شیری رحمان

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماءاور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ارکان پارلیمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی روایت غیر جمہوری ہے اور جمہوریت کے لبادے میں آمریت کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تحریک انتقام اطمینان کر لے، ہم اسی ملک میں رہ کر سازش کا مقابلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق شیری رحمان نے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق وفاقی کابینہ کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کا ایجنڈا عوامی مسائل نہیں، سیاسی انتقام ہے لیکن آصف زرداری کبھی عدالتوں اور جیلوں سے نہیں بھاگے اور تحریک انتقام اور جے آئی ٹی کی ملی بھگت سے ہم نہیں ڈرتے ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انتقام پوری سندھ حکومت کو مفلوج کر رہی ہے۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے کا فیصلہ کورٹ نے نہیں تحریک انتقام کی حکومت نے کیا ہے تاہم یہ اطمینان کر لیں کہ ہم اسی ملک میں رہ کر ہی سازش کا مقابلہ کریں گے۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران تحریک انصاف کے کتنے لوگوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں؟ عمران خان نے تو زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکلوایا تو وہ انہیں اپنے ساتھ دورے پر لے جا سکیں جبکہ نام نکلنے تک عمران خان کا طیارہ ائیرپورٹ پر رکا رہا۔
شیری رحمان نے کہا کہ حکومت احتساب اور انتقام میں فرق جان لے ورنہ دمادم مست قلندر ہو گا۔ احتساب کا یہ عمل یکطرفہ ہے اور اگر حکومت نے احتساب کرنا ہی ہے تو سب کا کریں اور شروعات اپنے گھر سے کریں۔