پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن کو کوئی ڈرا یا جھکا نہیں سکتا،آصف زرداری

گھوٹکی:پاکستان پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن کو کوئی ڈرا سکتا ہے اور نہ جھکا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے 18 ویں ترمیم میں صوبوں کو ان کا حق دیا ہے، اب بھلا گھوٹکی کا کیا قصور ہے کہ ان کے وسائل کا حق ان کو نہیں ملتا۔ یہ کوئی چھوٹی بات نہیں بلکہ بہت دور تک جاتی ہے اور اگر یہ بات نکلی تو دور تک ہی جائے گی اور اس میں ہر چیز آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیس کے ذخائر میرے نہیں ہیں یا سونے کی کانوں کا مالک میں نہیں بلکہ ہم نے ان تمام وسائل کو غریبوں کی ملکیت بنا دیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کا فلسفہ ہی یہ ہے کہ پہلا حق غریب کا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ یہی فلسفہ بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی آزما کر دیکھیں تو آپ کو سمجھ آئے گی کہ لوگ جڑتے چلے جائیں گے اور پاکستان مضبوط ہو گا کیونکہ صرف آپ کے کہنے سے ہی پاکستان مضبوط نہیں بنے گا بلکہ یہ عوام کے مضبوط ہونے سے ہی مستحکم ہو گا۔ آنے والی تاریخ لکھے گی کہ ہم نے کس طرح اور کیا کچھ کیا اور سب کو برابر کا حق ملا لیکن اگر آپ کو اس بات کی تکلیف ہے کہ سندھ میں اس طرح کی دھاندلی نہیں کرا سکے جتنی آپ نے کہیں اور کرائی تو دوبارہ کوشش کر کے دیکھ لیں، اس کا بھی مقابلہ کر لیں گے، ویسے بھی ہم نے تو جیت کر بھی اپوزیشن میں رہ کر دیکھا ہے، ہم اپنی خدمت کیلئے حکومت میں نہیں آتے بلکہ عوام کی خدمت کیلئے حکومت میں آتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے جلسے کے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، جو قوم ایک ہو جائے اور اپنا حق سمجھ لے، جان لے اور اسے حاصل کرنا سیکھ لے، اسے کوئی بھی جھکا نہیں سکتا، آپ کی قیادت، لیڈرشپ اور ورکر کو کوئی ڈرا یا جھکا نہیں سکتا، دعا کریں گے کہ اللہ ہمیں عزت دے اور قبر تک ایمان دے، باقی سب ہم خود کر لیں گے۔