موٹر وے پولیس نے کراچی اور حیدرآباد کے درمیان ایم نائن موٹر وے(سابقہ سپر ہائی وے) پر 50 بس مسافروں کو زندہ جلنے سے بچا لیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے ملتان جانے والی بس میں موٹر وے پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جو اتنی شدید تھی کہ شعلے چھت سے باہر نکلنے لگے۔
بس میں پچاس لوگ سوار تھے۔ ڈرائیور نے گاڑی روک لی تاہم شعلوں پر قابو پانا اس کے بس میں نہیں تھا۔
ڈی آئی جی موٹر وے محمد سلیم کے مطابق موٹر وے پولیس کی نفری فوری طور پر پہنچ گئی اور بس میں موجود تمام مسافروں کو باخیریت اتار لیا۔
پولیس نے پانی اور مٹی کی مدد سے بس میں لگی آگ پر قابو پالیا۔
ڈی آئی جی موٹروے کے مطابق بروقت کاروائی کی وجہ سے کسی قسم کا جا نی و مالی نقصان نہیں ہوا۔