ایف آئی اے نے سپریم کورٹ سے اصغر خان کیس بند کرنے کی سفارش کردی

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سپریم کورٹ سے اصغر خان کیس کی فائل بند کرنے کی سفارش کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اصغرخان عمل درآمد کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کرائی گئی، جس میں ناکافی شواہد کے سبب کیس بند کرنے کی استدعا کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے پاس اتنے شواہد نہیں ہیں کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کے خلاف فوجداری کارروائی ہو سکے ،جن سیاستدانوں پر الزام تھا، انہوں نے رقم کی وصولی سے انکار کردیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اہم گواہان کے بیانات میں وقفےہیں ،گواہوں کے بیانات ایک دوسرے سے نہیں ملتے ۔متعلقہ بینکوں سےپیسہ اکاونٹس میں جمع ہونے کاریکارڈ نہیں ملا، یہ معاملہ 25 سال سے زیادہ پرانا ہے ۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 31 دسمبر کو اصغر خان کیس کی سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور متعلقہ فریقوں کو نوٹسز جاری کیے تھے، کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کرنی ہے۔
اصغر خان کیس سیاسی رہنماؤں میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے کے معاملے سے متعلق ہے ، کہا جاتا ہے کہ نوے کی دہائی میں پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے سیاست دانوں کو خطیررقم رشوت میں دی گئی تھی۔